لکھنؤ، 24جولائی(آئی این ایس انڈیا): اترپردیش کے 300عازمینِ حج آج لکھنؤ کے چودھری چرن سنگھ ہوائی اڈے سے حج کے لیے روانہ ہوئے۔حج ہاؤس میں آج ہری جھنڈی دکھا کرعازمین حج کے پہلے قافلے کو ایئر پورٹ کے لئے روانہ کیا گیا۔اس موقع پر ریاست کے اقلیتی اموراورمسلم اوقاف کے وزیرلکشمی نارائن چودھری نے حج پر جانے والے مسافروں سے اپیل کی کہ وہ ملک میں امن چین،بلند، خوشحالی کی دعامانگی۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ حکومت نے اس حج کے لیے ہر ممکن بہتر انتظامات دینے کی کوشش کی ہے، جسے آنے والے سالوں میں بھی بہتر بنایا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ عازمین حج کے کسی بھی مسئلہ کے لیے ریاستی حکومت پرعزم ہے۔انہوں نے عازمین حج کومبارکباد دیتے ہوئے ان سے کہا کہ آنے والے دنوں میں حکومت اس سمت میں اور ہی بہتر سہولت دستیاب کرائے گی اور حج سے منسلک مسائل کوحل کیاجائے گا۔اقلیتی بہبوداور مسلم وقف اور حج کے امورکے ریاستی وزیرمحسن رضانے عازمین حج کو پھول دے کر انکو حج سفرکے لیے رخصت کیا اور ان کے سفر کی کامیابی مبارک باددی۔ان کی حکومت کی طرف سے عازمین حج کے ساتھ 146خدام الحجاج بھیجے جا رہے ہیں تاکہ عازمین حج کوسعودی عرب میں کسی بھی قسم کی مشکلات نہ ہو۔اس سے پہلے کئی برسوں سے خدام الحجاج نہیں بھیجے جا رہے تھے، اس وقت ان کی حکومت نے ہر جتھے کے ساتھ دوخدام الحجاج بھیجنے کافیصلہ کیاہے۔غور طلب ہے کہ آج 12بجے چودھری چرن سنگھ ہوائی اڈے لکھنؤ سے 300عازمین حج کا دستہ مکہ کے لیے روانہ ہوا۔ان مسافروں میں سب سے زیادہ سدھارتھ نگرسے67عازمین حج، لکھنؤ سے 21، کانپور سے 15، پرتاپ گڑھ سے 20اور بریلی سے 18عازمین حج شامل ہیں